احمد آباد، 11؍اگست(آئی این ایس انڈیا )گجرات کے عوامی سیکٹر کی کمپنی گجرات معدنی ڈیولپمنٹ کارپوریشن(جی ایم ڈی سی )کے ساتھ کام کرنے والی جنوبی کوریا کی ایک کمپنی نے اس وقت تنازعہ پیدا کر دیا جب اس کی انتظامیہ نے مبینہ طور پر’بھارت ماتا کی جے‘کا نعرہ لگانے کے لیے ایک ہندوستانی ملازم کو نوٹس جاری بھیج دیا ۔جنوبی کوریا ئی حکومت کی کمپنی کے ای پی سی او پلانٹ سروس اینڈ انجینئرنگ کمپنی لمیٹڈجی ایم ڈی سی کے ذریعہ چلائی جارہی کمپنی اکری مو ٹا تھرمل پاور اسٹیشن کا انتظام اور دیکھ بھال کر رہی ہے جو گجرات کے کچھ ضلع کے نانی چھیر گاؤں میں واقع ہے۔کے ای پی سی او پلانٹ سروس اینڈ انجینئرنگ کمپنی لمیٹڈ نے حال ہی میں ایک جونیئر انجینئر کو نوٹس جاری کیا تھا۔اس نوٹس میں دیگر تادیبی امور کے علاوہ کمپنی نے اسے ایک بار’بھارت ماتا کی جے ‘کا نعرہ لگانے کے لیے بھی پھٹکار لگائی تھی۔جی ایم ڈی سی کے ایک اعلی افسر نے آج کہا کہ معاملہ جی ایم ڈی سی انتظامیہ تک پہنچا جس نے فوری طور پر اپنی تمام متعلقہ کمپنیوں کو ایک سرکلر جاری کیا۔اس سرکلر میں کہا گیا کہ نعرہ قومی فخر کی بات ہے اور کوئی بھی ہندوستانی اسے کہیں بھی لگانے کے لیے آزاد ہے۔